11 جولائی 2012 - 19:30

پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ انہیں عمران خان اور نواز شریف دونوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ امریکہ کے حامی ہیں۔امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کافی نہیں، ابھی پاکستان کو بہت کچھ کرنا ہے۔

ابنا: برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہا کہ وہ عمران خان اور نواز شریف دونوں سے ملے ہیں، دونوں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ مکمل طور پر امریکہ کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے باوجود بات یہیں ختم نہیں ہو جاتی، پاکستان کو ابھی اقتصادی تعاون اور اپنے ہاں موجود دہشتگردوں سے نمٹنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔ کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکہ نے سلالہ حملے پر دل سے معافی مانگی، لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ معاملہ اس وقت حل ہوا جب دونوں جانب سے اس حقیقت کا تسلیم کر لیا گیا کہ دونوں کو ایک ساتھ کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اندرونی سیاست اور امریکہ کی جانب بھی کچھ معاملات کے باعث معافی میں تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے ساتھ کام کرنے لیے برداشت اور کشادہ سوچ کی ضرورت ہے، پاکستان حل کا حصہ بن سکتا ہے مگر اس کے لیے اسے قائدانہ کردار کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو اپنی طاقت پر یقین کرنا ہوگا، اس کے عوام ہی پاکستان کی طاقت ہیں پاکستان کو ماننا ہوگا کہ اسے مسائل درپیش ہیں اور وہی انہیں حل کرسکتے ہیں۔

.......

/169